ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / اسپورٹس / مہاجرین مخالف خاتون کا مہاجر سے عشق اور اب ممکنہ سزائے قید

مہاجرین مخالف خاتون کا مہاجر سے عشق اور اب ممکنہ سزائے قید

Mon, 12 Jun 2017 17:05:55  SO Admin   S.O. News Service

پیرس11جون(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)اچوالیس سالہ اوغے نامی فرانسیسی خاتون کو غیر قانونی طور پر ایک غیر ملکی مہاجر کی مدد کرنے کے مقدمے کا سامنا ہے۔ اس مقدمے کی سماعت ستائیس جون کو ہو رہی ہے اور جرم ثابت ہونے پر اوغے کو دس برس تک قید کی سزا ہو سکتی ہے۔فرانسیسی شہرکیلے کی رہائشی اوغے ہمیشہ مہاجر دوست انسان نہیں تھی۔ ابھی زیادہ عرصہ نہیں گزرا کہ وہ انتہائی دائیں بازو کی مہاجرین مخالف سیاسی جماعت نیشنل فرنٹ کی نہ صرف ووٹ دینے تک حمایتی تھی بلکہ ان کے اشتہارات بھی بانٹتی پھرتی تھی۔ کیلے شہر کی ایک وجہ شہرت بھی وہاں قائم جنگل کیمپ اور وہاں سے چینل ٹنل کے ذریعے غیر قانونی طور پر برطانیہ جانے کی کوشش کرنے والے مہاجرین بھی ہیں۔

اوغے کا پہلا شوہر بھی فرانسیسی بارڈر پولیس کا ایک ایسا ملازم تھا، جو اسی کی طرح نیشنل فرنٹ کا حامی اور مہاجرین مخالف سوچ رکھتا تھا، دونوں کی شادی بیس برس تک قائم رہی۔اس کی زندگی اور سوچ میں تبدیلی تب آئی، جب اس نے جنگل کیمپ میں مقیم ایک سوڈانی مہاجر کو لفٹ دی۔ جب اوغے نے اس بدنام زمانہ مہاجر کیمپ کے حالات دیکھے تو اس نے رضاکارانہ طور پر مہاجرین کی مدد کرنا شروع کر دی۔ یہیں پہلی مرتبہ اس کی ملاقات مختار سے ہوئی۔فرانسیسی حکام نے کیمپ خالی کرانے کا فیصلہ کر رکھا تھا اور مختار نے احتجاجا? اپنے ہونٹ سی رکھے تھے۔ اوغے کو مختار سے پہلی نظر ہی میں عشق ہو گیا۔ اس کا کہنا ہے کہ مختار کو فرانسیسی زبان نہیں آتی تھی، انگریزی سے بھی کم واقفیت تھی، لیکن ہماری محبت کی کہانی گوگل ٹرانسلیٹر کی مدد سے شروع ہوئی۔

کچھ دن بعد وہاں کام کرنے والے رضاکاروں نے اوغے سے درخواست کی کہ وہ عارضی طور پر چند دنوں کے لیے مختار کو اپنے ہاں رکھ لے، جس کے بعد اسے غیر قانونی طور پر ایک گاڑی میں سوار کر کے برطانیہ بھیج دیا جائے گا۔یہ منصوبہ تو کامیاب نہ ہوا لیکن مختار ایک ماہ تک اوغے کے ہاں مقیم رہا۔ مختار انگلینڈ جانے کا مصمم ارادہ کیے ہوئے تھا اور اس کی درخواست پر اوغے نے اسے ایک ہزار یورو مالیت کی ایک چھوٹی کشتی خرید دی تاکہ وہ اس کی مدد سے برطانیہ روانہ ہو سکے۔اوغے کہتی ہے، اگر میں اس کی مدد نہ کرتی تو وہ کوئی اور راستہ اختیار کر لیتا۔ میں اسے رکنے پر قائل نہیں کر سکتی تھی۔گیارہ جون سن 2016 کی صبح چار بجے مختار اور اس کے دوست کشتی میں سوار ہو کر برطانیہ جانے کے لیے روانہ ہوئے تو اسے الوداع کہنے کے لیے اوغے بھی وہاں موجود تھی۔دو ماہ بعد فرانسیسی پولیس نے اس جرم میں اسے گرفتار کر لیا۔ اوغے نے انہیں ساری حقیقت بتا دی، کیوں کہ میں نے کوئی جرم نہیں کیاتھا۔

مختار کامیابی سے برطانیہ پہنچ گیا تھا، جہاں اب وہ شیفیلڈ میں رہائش پذیر ہے اور اسے ورک پرمٹ بھی مل چکا ہے۔ اوغے اسے ملنے ہر دوسرے ہفتے وہاں جاتی ہے اور اس نے اپنی آپ بیتی پر مبنی ایک کتاب بھی لکھی ہے۔ اوغے لکھتی ہے، مختار نے مجھے دوبارہ پیار کے معنی سکھائے، جو میں بھول چکی تھی لیکن اس سے بڑھ کر اس نے مجھے سچ کا مطلب سکھایا۔لیکن اب دیکھنا یہ ہے کہجب وہ سماعت کے لیے پیش ہو گی تو عدالت اس کے سچ کو کس انداز سے دیکھتی ہے۔


Share: